تہران، مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیلی بربریت جاری ہے جس کے جواب میں ایران نے تل ابیب، حیفہ ، تامرا بستی اور کئی شہروں کو 100سے زائد بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائلوں سے نشانہ بنایا، ایران نے ڈرون بھی استعمال کیے جس سے 8 اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ایرانی حکام نے بتایا کہ میزائلوں اور ڈرون سے اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، شمالی اسرائیل اور ساحلی شہر حیفہ میں میزائل ٹارگٹ پر ہٹ کئے ، اسرائیلی شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، ہر طرف خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔اسرائیلی میڈیا نے تل ابیب ، حیفہ اور دیگر شہروں میں ایرانی میزائل گرنے کی تصدیق کر دی، ایرانی حملوں میں ایک خاتون سمیت چھ اسرائیلی ہلاک ہو گئے ، حیفہ میں آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی ۔پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل باز نہ آیا تو حملے مزید بڑھائیں گے۔