کراچی: بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرین کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد کا مطالبہ
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کو فوری طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد فراہم کی جائے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو اب تک عالمی امداد کی فراہمی کے لیے حکومت نے کوئی باضابطہ اپیل نہیں کی، جو ایک تشویش ناک بات ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے عوام کی درخواست پر وزیراعظم سے زرعی ایمرجنسی اور بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالے سے بات کی ہے، مگر اب بھی عملی اقدامات نہ ہونے سے متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
پاکستان اور چین کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کے حالیہ دورۂ چین کے دوران حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں اور متعدد ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں۔ بلاول کے مطابق صدر زرداری نے طے کیا ہے کہ وہ اپنے دورۂ چین کے ریکارڈ کو مزید بہتر بنائیں گے۔
صدر زرداری کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ جلد ہی پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کے ملک میں بذریعہ سڑک آسان اور براہِ راست سفر کی سہولت میسر ہوگی، جس سے دونوں ملکوں کے عوام اور تجارت کو فائدہ ہوگا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اسے دونوں ممالک کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اس وقت چینی حکومت کی دعوت پر دورۂ چین پر ہیں اور وہ 21 ستمبر تک چین کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔
Comments 1