نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اسلام آباد میں مسجد و امام بارگاہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ لوگ عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گزاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانا ایک خوفناک اور بزدلانہ جرم ہے جو انسانیت، ہمارے ایمان اور معاشرتی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس افسوسناک واقعے سے پوری قوم غمزدہ ہے اور وہ دعاگو ہیں کہ پاکستان میں امن و استحکام قائم ہو۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا شناختی کارڈ بھی ملا جس کی بنیاد پر حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں کارروائی کے دوران اس کے دو بھائیوں اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سیکیورٹی ادارے حملے کے پس منظر اور ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔

