امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے پہلے مذاکراتی دور کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ جمعے کو ہونے والی بات چیت کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران امریکا کے ساتھ کسی نہ کسی معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اسی سلسلے میں اگلے ہفتے مزید مذاکرات ہوں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس بار ڈیڑھ سال پہلے کے مقابلے میں کسی عملی پیش رفت کے لیے زیادہ تیار دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرتے نہیں دیکھنا چاہتا اور اس حوالے سے واضح یقین دہانی چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات عمان کے دارالحکومت مسقط میں جمعے کے روز ہوئے تھے، جن میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی مذاکرات کے بعد کہا تھا کہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، تاہم آئندہ مرحلے سے پہلے دونوں ممالک کے حکام اپنے اپنے دارالحکومتوں میں مشاورت کریں گے تاکہ آئندہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی مکمل طور پر روک دے اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرے، جبکہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو پرامن مقاصد کے لیے جاری رکھنے کے مؤقف پر قائم ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے مذاکرات خطے اور عالمی سیاست کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

