یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ 2 کپ چائے یا کافی پیتے ہیں ان میں دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے جبکہ ذہنی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
اس تحقیق میں ایک لاکھ سے 30 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 40 سال تک لیا گیا اور دیکھا گیا کہ وہ روزانہ چائے یا کافی پیتے ہیں یا روزانہ کتنے کپ ان مشروبات کا جزوبدن بناتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ 2 سے 3 کپ کیفین والی کافی اور ایک سے 2 کپ چائے پیتے ہیں، ان میں ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اسی طرح یہ افراد دماغی افعال کے مختلف ٹیسٹوں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے اور کافی دونوں مشروبات دماغ کے لیے بہترین ہے مگر اس کی وجہ ثابت نہیں کی جاسکی۔
محققین نے بتایا کہ ہماری تحقیق میں وجہ تو ثابت نہیں ہوسکی مگر شواہد سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ چائے اور کافی کا استعمال دماغی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
چائے اور کافی دونوں میں کیفین اور پولی فینولز موجود ہوتے ہیں جن سے ممکنہ طور پر دماغ کو تحفظ ملتا ہے جبکہ یہ مشروبات ورم میں کمی لاتے ہیں اور تکسیدی تناؤ بھی کم کرتے ہیں۔
کچھ تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کیفین کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ کم ہوتا ہے اور یہ عارضہ ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھانے والا اہم عنصر ہے۔

