آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چوتھے سائیکل 27-2025 میں پاکستان کرکٹ ٹیم شان مسعود کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے میدان میں اتر رہی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم 7 بیٹرز، 2 فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ اترنے کی حکمتِ عملی اپنائے گی۔
وائرل فیور کے سبب دائیں ہاتھ کے اسپنر ساجد خان کی جگہ آصف آفریدی 11 رکنی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ 38 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچوں میں 25.49 کی اوسط سے 198 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کے ساتھ تجربہ کار اسپنر نعمان علی بھی شامل ہوں گے۔
39 سالہ نعمان علی نے 19 ٹیسٹ میچوں میں 24.75 کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاہین شاہ آفریدی ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔
31 ٹیسٹ میچوں میں 116 وکٹیں حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر کے نئی گیند پارٹنر حسن علی ہوں گے۔ 24 ٹیسٹ میچوں میں 80 وکٹیں لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا۔ پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق کریں گے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور آصف آفریدی شامل ہوں گے۔

