کراچی: 18 سال کے وقفے کے بعد کراچی میں نیشنل گیمز کا انعقاد یکم سے 9 مئی تک کیا جائے گا۔ سندھ کے وزیر کھیل سردار بخش مہر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیشنل گیمز کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ دونوں تقریبات عبدالستار ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گی۔
نیشنل گیمز کراچی کے 21 مختلف گراؤنڈز اور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دیگر ایونٹس کی وجہ سے گیمز کو مئی میں منعقد کرنا پڑ رہا ہے، اور گرمی کے موسم میں گیمز کا انعقاد ایک چیلنج ہوگا۔
پریس کانفرنس کے دوران نادر مگسی، ندیم خان اور شجاعت شیروانی نے تھر ریلی کے انعقاد کا بھی اعلان کیا، جو 10 سے 13 اپریل تک مٹھی میں منعقد ہوگی۔ یہ ریلی تھر کے ثقافتی اور سیاحتی پہلوؤں کو اجاگر کرے گی اور علاقے کی ترقی کے لیے اقدامات پر توجہ مرکوز کرے گی۔نیشنل گیمز کا انعقاد ملک بھر کے کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا موقع ہوگا، جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ اس ایونٹ سے کراچی میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے۔