اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بلوں میں ریلیف کے لیے عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) سے رابطے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام کو سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے افراد کے بجلی بلوں میں ایک ماہ کے استثنیٰ پر آئی ایم ایف سے رابطےکی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وزارتِ خزانہ اب آئی ایم ایف کے ساتھ اس ممکنہ ریلیف پر بات چیت کرے، بات چیت کا مقصد سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کوفوری ریلیف دیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ شہر ہوں یا دیہات، یہ ریلیف پورے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں دیا جائےگا۔اس سے قبل چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے بھی حکومت سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم وزیراعظم نے سیلاب کے سبب ملک میں زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔