حسن ابدال: برساتی نالے میں بہہ جانے والے ویگو ڈالے میں سوار فیملی کی 2 خواتین کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی کی تحصیل حسن ابدال میں جھاری کس نالے میں تیز بہاؤ کے باعث ویگو ڈالا بہہ گیا، جس میں سوار 10 افراد میں سے 5 کو بحفاظت نکال لیا جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں جن میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے دوران بہہ جانے والی 2 خواتین کی نعشیں تلاش کر لی گئی ہیں، دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمیں اور غوطہ خور موقع پر موجود ہیں۔حکام کے مطابق متاثرہ فیملی واہ کینٹ کی رہائشی ہے اور شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی، نالے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رات کو راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آئے اور بعض مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔