کراچی کے مختلف علاقوں میں نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ کے افسوسناک واقعات میں 25 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بچیاں اور خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق شہر بھر میں جاری کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی، گولیمار، فائیو اسٹار، نیو سبزی منڈی سمیت متعدد علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جہاں فائرنگ کی زد میں آ کر شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر حیدرآباد میں بھی سال نو کی خوشیوں کے دوران ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ نواب شاہ میں ایسے ہی واقعات میں 2 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان شہروں میں بھی پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
واضح رہے کہ سال نو کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود مختلف علاقوں میں پابندی کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آئے۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت مختلف علاقوں میں ڈرون کیمرے اڑائے گئے۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیز آباد، ناظم آباد اور دیگر حساس علاقوں میں ڈرون کی مدد سے نگرانی کی گئی، جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیوز ریکارڈ کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن کے نام پر قانون شکنی سے گریز کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

