لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ صحت کے اہم اجلاس میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نمائندہ نیو نیوز وقاص غوری کے مطابق اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم دو روز میں نافذ کرنے کا حکم جاری کیا گیا، جب کہ ڈاکٹروں کو فوری ٹریننگ دینے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے "سی ایم ہیلتھ ویجیلنس سکواڈ” کے قیام کا اعلان کیا جو اسپتالوں کے معائنہ کر کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا۔مریم نواز نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دل کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز اور ماہر کنسلٹنٹس کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ کیتھ لیب منصوبے کی تکمیل تک ہارٹ سپیشلسٹ ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں موجود ہوں گے۔
مزید ہدایات میں نرسز کی ٹریننگ، موبائل فون کی ممانعت، پیجر سسٹم کا نفاذ، ہسپتالوں کا آڈٹ، شکایات سیل کی بہتری، اور تمام مریضوں کو فری ادویات کی فراہمی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے تمام فیصلوں پر تین ماہ کے اندر عملدرآمد یقینی بنانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ ’’عوام کو تبدیلی واضح طور پر محسوس ہونی چاہیے۔‘‘

