راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری ہلال امتیاز (ملٹری) نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے خصوصی ملاقات کی۔
یونیورسٹی کے کشمیری طلبہ نے اپنے روایتی انداز میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ ایک سوال و جواب کی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس نشست میں طلبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کسی بھی حالت میں کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
اس موقع پر، پاکستانی طلبہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کی شجاعت اور عزم کی تعریف کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیاں اور بھارتی افواج کے سامنے مضبوط دفاع کا پیغام پوری دنیا میں جا رہا ہے۔