بیجنگ: حکومتِ پاکستان کی وزارتِ خزانہ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 7 تا 11 جولائی 2025 نان ڈیل انویسٹر روڈ شو (NDR) کے تحت سرمایہ کاروں سے ابتدائی ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ روڈ شو پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
وفد نے ممکنہ سرمایہ کاروں، انڈررائٹرز، چینی ریٹنگ ایجنسی، قانونی مشیروں اور ممکنہ ضامن اداروں کے ساتھ تکنیکی بات چیت کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورت حال، جاری قرضہ جاتی اصلاحات، اور مجوزہ پانڈا بانڈ کے ڈھانچے پر گفتگو ہوئی، جبکہ ضوابط، کریڈٹ گارنٹی، اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روڈ شو کو مثبت ردعمل ملا ہے جو کہ عالمی مالیاتی مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کا مظہر ہے۔ u9ikoیہ دورہ سرمایہ کاروں سے مؤثر رابطے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ بانڈ کی باضابطہ اجرائیگی رواں سال متوقع ہے، جو کہ مطلوبہ منظوریوں اور بین الاقوامی اداروں کی ضمانتوں سے مشروط ہے۔