اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کی معروف کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ شیخہ اسماء نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو کامیابی سے سر کر کے نہ صرف قطر بلکہ خلیجی ممالک کی پہلی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
وزیراعظم نے شیخہ اسماء کی غیر معمولی ہمت، حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی نہ صرف کھیلوں کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ خواتین کی خودمختاری اور بااختیار بنانے کی بہترین مثال بھی ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے Adventure Sports اور کوہ پیمائی کے ذریعے دنیا بھر میں خواتین، بالخصوص نوجوان لڑکیوں کو متاثر کرنے اور بااختیار بنانے کی شیخہ اسماء کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے قدرتی حسن، خاص طور پر شمالی علاقہ جات کے فروغ اور دنیا بھر میں مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کی ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔شیخہ اسماء نے پاکستان کی خوبصورتی، مہمان نوازی اور پہاڑی سلسلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ایڈونچر ٹورازم کی منزل کے طور پر متعارف کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔