کراچی: سندھ کابینہ میں اہم ردو بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صوبائی وزیر سعید غنی کی وزارت میں تبدیلی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مختلف وزرا کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران نئے فیصلوں پر مشاورت ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید غنی، جام خان شورو اور اسماعیل راہو وزیرِاعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گے تاکہ مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے حتمی گفتگو کی جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق وزیرِ محنت سندھ شاہد تھہیم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور ان کی جگہ بدین سے منتخب رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو کو صوبائی وزیر بنانے کا امکان ہے۔
اسی طرح کابینہ کے اہم وزیر سعید غنی سے محکمہ بلدیات کا قلمدان واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ انہیں کوئی نیا محکمہ سونپا جائے گا یا نہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ صوبائی وزیر جام خان شورو کو اضافی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا قلمدان دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق سندھ کابینہ میں یہ تبدیلیاں آئندہ چند دنوں میں عملی شکل اختیار کر سکتی ہیں اور مزید وزارتوں میں رد و بدل کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا رہا۔

