کراچی: پولیس نے سہراب گوٹھ اور الاآصف اسکوائر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی جس کا مقصد شہر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کی نشاندہی اور گرفتاری تھا۔
پولیس حکام کے مطابق سہراب گوٹھ اور الاآصف اسکوائر کے اطراف میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے تاکہ کوئی مشتبہ شخص فرار نہ ہو سکے۔ کارروائی میں پولیس کی بھاری نفری، اینٹی رائٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران 45 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا جن کے پاس کسی قسم کی پاکستانی شناختی دستاویزات یا اقامتی اجازت نامے موجود نہیں تھے۔ گرفتار افراد کو ابتدائی تفتیش کے لیے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے افغان باشندوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں امیگریشن قوانین کے تحت کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف شہر بھر میں مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی تاکہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

