گڑھی خدا بخش: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے مزید جہاز گرائے جا سکتے تھے، مگر پاکستان نے تحمل اور رحم کا مظاہرہ کیا۔ اگر آئندہ کسی نے پاکستان پر دوبارہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو قوم اور افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا دیا ہوا ہے، جو آج بھی قومی یکجہتی اور استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو اب یہ بات اچھی طرح سمجھ آ گئی ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت شکر ادا کرے کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ورنہ اس کے مزید جنگی طیارے بھی مار گرائے جا سکتے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے ہر وقت تیار ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف مقرر کیا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہتا ہے مگر چار دن کی جنگ بھی برداشت نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس وہ حوصلہ اور دل گردہ نہیں جو پاکستان کی قیادت اور افواج کے پاس ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت بڑی طاقت ہونے کے دعوے تو کرتا ہے، مگر پاکستان جیسے حوصلے اور جرات کہاں سے لائے گا۔ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ خود میدان میں رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔ جنگ کے دوران انہیں بنکر میں جانے کا مشورہ دیا گیا، مگر انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں لڑتے اور مرتے ہیں، پیچھے نہیں ہٹتے۔ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر کوئی ہاتھ ہماری طرف بڑھے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ناتجربہ کار شخص نے چار سال میں پاکستان کے دنیا بھر سے تعلقات خراب کر دیے اور معیشت کو نقصان پہنچایا۔ اب آہستہ آہستہ عالمی تعلقات بحال ہو رہے ہیں اور اس عمل میں ملکی قیادت اور عسکری قیادت ساتھ ساتھ کھڑی ہے۔

