اسلام آباد: پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کراچی چھوڑ کر مستقل بنیادوں پر اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ وہ چند ذاتی وجوہات کے باعث کراچی چھوڑ کر اب مستقل طور پر اسلام آباد میں قیام پذیر ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وہ ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم اس کے لیے سب سے بنیادی اور اہم عنصر تسلسل ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے انہیں دنیا بھر میں عزت، مقام اور شناخت دی، اور اب ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی انداز میں پاکستان کرکٹ اور ملک کو کچھ واپس لوٹا سکیں۔ ان کے مطابق قومی مفاد میں کردار ادا کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
سیاست میں شمولیت سے متعلق سوال پر سابق کپتان نے واضح کیا کہ وہ فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنی چاہیے، جبکہ چیف جسٹس، آرمی چیف اور دیگر تمام اہم آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جانی چاہیے۔
شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں مختلف اہم حکومتی عہدوں کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محض رسمی اور علامتی عہدے ان کے لیے کسی کشش کا باعث نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل، جمہوری عمل کا تسلسل اور ریاستی اداروں میں آئینی مدت کی تکمیل ہی کسی بھی ملک کی ترقی کی مضبوط بنیاد بنتی ہے۔ اگر ریاستی ادارے اپنی مدت پوری کریں گے تو پالیسیاں برقرار رہیں گی اور ترقی کے ثمرات جلد عام آدمی تک پہنچیں گے۔

