سرگودھا میں شدید دھند کے باعث منی ٹرک حادثہ، 14 افراد جاں بحق
سرگودھا: شدید دھند کے باعث سرگودھا کے علاقے گلہ پور بنگلہ کے قریب منی ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق منی ٹرک میں 23 افراد سوار تھے جو جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثہ تحصیل کوٹ مومن کے علاقے میں پیش آیا جب حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹرک سڑک سے اتر کر خشک نہر میں جا گرا۔
حادثے کے فوراً بعد 7 افراد ٹرک کے نیچے دب کر موقع پر ہی جان بحق ہو گئے جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں علاج کے دوران مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کی طبی امداد جاری رکھی ہوئی ہے اور حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

