لاہور: پاکستان اسپنرز نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں نیا کارنامہ سرانجام دے دیا
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے اسپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ہفتے کو پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے، جبکہ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 16ویں اوور میں صرف 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کے خلاف اس میچ میں ابرار احمد اور شاداب خان نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے 2، جبکہ صائم اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پہلی بار پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اسپنرز نے ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں اننگز کی تمام وکٹیں اسپنرز کے نام ہونے کا مجموعی طور پر دسواں موقع اور فل ممبرز کے درمیان میچ کا صرف دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل یہ کارنامہ بھارتی اسپنرز نے فلوریڈا میں 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا۔
یہ فتح نہ صرف پاکستان کے اسپننگ ڈیپارٹمنٹ کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ عالمی کرکٹ میں بھی پاکستان کے اسپنرز کی کارکردگی کو تاریخی مقام دلاتی ہے۔

