اسلام آباد :پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت اب کسی بھی فوجی ایڈونچر سے پہلے 100 بار سوچے گا۔ وزیر داخلہ نے اپنی گفتگو میں شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت فراہم کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ 20 سالہ شہید نوجوان جو اپنے خاندان کا واحد سہارا تھا، کی قربانی نے قوم کو گہرے صدمے میں مبتلا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی افواج اور شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ ہر قدم پر کھڑا ہے اور ان کی مدد کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اپنی کارروائیوں کا حساب دینا پڑے گا کیونکہ پاکستان کی افواج نے دشمن کے حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ بھارت اب کسی بھی فوجی مہم سے پہلے 100 بار سوچے گا کیونکہ پاکستان کی سفارتی اور میڈیا محاذ پر فتح نے بھارت کی زمین ہلا کر رکھ دی ہے۔محسن نقوی نے بھارت کی جانب سے میڈیا میں کیے جانے والے ڈرامے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی انڈسٹری ہمیشہ ایسی کہانیاں گھڑتی رہی ہے، تاہم پاکستان نے بھارت کو سفارتی محاذ پر بری طرح شکست دی ہے۔آخر میں، وزیر داخلہ نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ رات تک کر لیا جائے گا۔