بیجنگ :چین کے صدر شی جن پنگ نے ایران پر اسرائیلی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، چینی صدر نے یہ مؤقف قازقستان کے صدر سے ملاقات کے دوران اپنایا، جس میں انہوں نے اسرائیلی حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہوا ہے، جو نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی امن کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر اُس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو کسی ریاست کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر مبنی ہو۔چینی صدر کے اس بیان کو عالمی سفارتی حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ چین مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کے حوالے سے ایک سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

