سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستیں منظور کرلیں اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی 77 مخصوص نشستیں بحال ہوگئیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستیں مسلم لیگ ن ، جے یو آئی ، پیپلز پارٹی ، اے این پی اور پی ٹی آئی پی کو ملیں گی۔خیبرپختو نخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تعداد 25 ہے، ان میں خواتین کی 21 اور اقلیتوں کی 4 مخصوص نشستیں شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے اراکین کی تعداد 7، 7 ہے۔ فارمولے کے مطابق مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کو 7، 7 مخصوص نشستیں ملیں گی۔ پیپلزپارٹی کو 4 ارکان پر 4 ، اے این پی کو 2 ارکان پر 1 مخصوص نشست ملے گی جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیریئنز کو 2 ارکان پر 1 مخصوص نشست ملے گی۔خواتین کی باقی بچ جانے والی ایک نشست پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا جبکہ اقلیتوں کی 4 نشستوں میں 2 مسلم لیگ ن اور 2 جے یو آئی کے حصے میں آئیں گی۔