اسلام آباد:شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کے خودکش حملے پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے شدید ردعمل دیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے 13 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی، اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔صدر نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 14 دہشتگردوں کی ہلاکت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج، بھارت کے سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے زخمی بچوں، خاتون اور دیگر شہریوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے لیے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے اُن کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ اُنہوں نے دہشتگردی کے اس بزدلانہ حملے میں معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے فورسز کی بہادری اور جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔
