اسلام آباد: پارلیمنٹ کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں، جن میں جمہوری اقدار، شفاف طرزِ حکمرانی اور پارلیمنٹ کے کلیدی کردار پر زور دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ جمہوری نظام میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کے ذریعے ایگزیکٹو کی نگرانی، احتساب، صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے اہم امور میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمان نہ صرف قومی معاملات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر پارلیمانی سفارت کاری میں بھی متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستانی پارلیمانی وفود نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اس دن کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی پارلیمان کو مزید مضبوط، شفاف اور عوامی نمائندگی کا حقیقی مرکز بنائیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور معاشی و سماجی انصاف جیسے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے پارلیمان کا کردار کلیدی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ قومی پالیسی سازی، شفافیت، جوابدہی اور عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ شفاف، جامع اور عوامی شراکت پر مبنی طرز حکمرانی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔آخر میں صدر اور وزیراعظم دونوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کو مضبوط اور جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جا سکے جہاں عوام کی آواز پارلیمنٹ میں مؤثر طریقے سے سنی جائے۔