لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ سے 2025 کے مون سون ایمرجنسی پلان پر لمحہ بہ لمحہ رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔صوبے بھر میں برساتی نالوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے اور پانی کے بہاؤ کے راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ممکنہ حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔
مریم نواز نے مون سون کے دوران نہروں میں نہانے پر مکمل پابندی کی سختی سے نگرانی کی ہدایت دی ہے اور انتظامیہ کو کہا ہے کہ بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کرکے ان کے حوالے سے بروقت اقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر ادارے ہر وقت مستعد اور تیار رہیں۔ انہوں نے کہا "عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم اپنا فرض ہر حال میں نبھائیں گے۔”
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کیونکہ ہر فرد کی جان قیمتی ہے۔ حکومت کی جانب سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مون سون کے دوران کسی قسم کی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔