راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے خطرناک موسم کی پیش گوئی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہر بھر میں 28 جون سے 27 جولائی تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نلہ لئی اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے، تیرنے، پانی میں کھیلنے، اجتماعات کرنے یا غیر ضروری نقل و حرکت پر سخت پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق نلہ لئی کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سختی سے ممنوع قرار دی گئی ہے، اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خطرناک موسم کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ کے حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں۔عوامی آگاہی کے لیے تمام سرکاری دفاتر، عدالتوں اور عوامی مقامات پر نوٹیفکیشن آویزاں کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

