مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے نواحی علاقے میں قائم فیلڈ ہسپتال کا بغیر اطلاع دورہ کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹرز اور طبی عملے سے ملاقات کی اور اسپتال کی ورکنگ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں ان کی رائے سنی۔ مریضوں نے فیلڈ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ ہسپتال جیسا اقدام عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے، خصوصاً ضعیف خواتین اور دور دراز علاقوں کے مریضوں کے لیے یہ سہولت بہت مفید ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ اسپتال اور "کلینک آن ویل” کے ذریعے اب تک سوا کروڑ سے زائد مریض مستفید ہو چکے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہیں اور ان کی حکومت عوامی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے فیلڈ اسپتال اور موبائل کلینک کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا اعلان بھی کیا۔

