لاہور: پاکستان ریلوے نے ایک بار پھر مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث میل ایکسپریس اور دیگر مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ان نئے کرایوں کا اطلاق 4 جولائی سے ہوگا، جس کے باعث ملک بھر میں چلنے والی تمام پسنجر، شٹل، سیلون اور میل ایکسپریس ٹرینوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو بڑھا ہوا کرایہ دینا ہوگا۔ یہ اضافہ ایڈوانس بکنگ پر بھی لاگو ہوگا۔یاد رہے کہ یکم جولائی کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ریلوے نے اپنے کرایوں پر نظرثانی کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 18 جون کو بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ ہواجبکہ مال بردار ٹرینوں کے کرایے 4 فیصد بڑھائے گئے ۔

