ہاکی نیوزی لینڈ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے دستبرداری کے فیصلے سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کردیا۔
انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے ہاکی نیوزی لینڈ کو 21 جولائی کی ڈیڈ لائن دی تھی جس کے بعد ہاکی نیوزی لینڈ نے پرو لیگ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے جب کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ ویمنز ہاکی ٹیم کو بھی پرو لیگ دستبردار کرچکا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہاکی نیوزی لینڈ نے دونوں ٹیموں کی دستبرداری کا فیصلہ مالی مسائل کی وجہ سے کیا، یہ مسائل ہائی پرفارمنس اسپورٹس نیوزی لینڈ کے فیصلے کی وجہ سے ہوئے جس نے اولمپکس کھیلوں کے لیے مختص رقم کو کافی حد تک کم کر دیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد ایف آئی ایچ اب پاکستان کو پرولیگ میں شرکت کے لیے پیشکش کرے گا۔اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے بتایا کہ ایف آئی ایچ نے تاحال نیوزی لینڈ کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، پرولیگ کے لیے خطیر رقم درکار ہوگی جس کے لیے پی ایچ ایف حکومت پاکستان کو آگاہ کیا جاچکا ہے۔