روس کے مشرقی ساحل کے قریب 8.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے کامچٹکا (KAMCHATKA) کے مشرقی ساحلی علاقے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا جس کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز روس کے کامچٹکا جزیرہ نما میں Petropavlovsk شہر کے مشرق میں تقریباً 136 کلومیٹر کے فاصلے پر 19 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
روسی وزیر کے مطابق زلزلے کے بعد کامچٹکا کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔زلزلے کے باعث چند افراد کے زخمی ہو نے کی بھی اطلاعات ہیں۔شدید زلزلے کے بعد روس کے ساحلی علاقے سیویرو کوریلسک سے 4 میٹر بلند سونامی کی لہریں ٹکراگئیں، حادثات میں بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔گورنر سیویرو کوریلسک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود کو محفوظ رکھنے کیلئے بلند مقامات پر چلے جائیں۔
1952 کے بعد طاقتور ترین زلزلہ ریکارڈ
روسی میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 8.7 تھی تاہم یہ 1952 کے بعد کامچٹکا ریجن میں شدید ترین زلزلہ تھا۔ جس سے ایک اسکول کی دیوار گرگئی۔ زلزلے کے وقت اسکول خالی ہونے کے سبب کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس ایک ماہ کے اندر آنے کا خدشہ ہے جن کی شدت 7.5 ہوسکتی ہے۔
سونامی کی وارننگ جاری
حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فی الحال سیویرو کورلیسک ٹاؤن خالی کردیں جس کے بعد انخلا جاری ہے۔ممکنہ سونامی لہروں کے پیش نظر بحرالکاہل میں سونامی کی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔جاپان اور فلپائن نے بھی ایمرجنسی وارننگ جاری کی ہے جبکہ امریکا نے کیلی فورنیا ، واشنگٹن، اوریگن اور الاسکا ریاستوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی ہے۔اس کے علاوہ برٹش کولمبیا کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔