کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین شہر مونٹریال کے ایک پرتعیش ریسٹورینٹ میں سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کو ایک ساتھ کھانا کھاتے دیکھ کر افواہوں نے زور پکڑا۔دی گارجین کی ایک رپورٹ میں امریکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مونٹریال کے ایک عہدیدار نے کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور گلوکارہ کیٹی پیری کے رواں ہفتے ایک ساتھ کھانا کھانے کی تصدیق کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور امریکی گلوکارہ نے اس ریسٹورینٹ میں ایک ساتھ تقریباً 2 گھنٹے گزارے ۔
اس کے بعد امریکی میڈیا پر شائع ہونے والی ملاقات کی تصویر نے بھی دونوں کے درمیان افیئرز کی افواہوں کو ہوا دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات نے کاک ٹیلز سے شام کا آغاز کیا اور ٹونا، لوبسٹر اور ایسپراگس سمیت متعدد کھانوں سے لطف اندوز ہوئے تاہم ملاقات کی نوعیت تاحال واضح نہیں کی گئی ہے، نہ ہی جسٹن ٹروڈو، کیٹی پیری یا ریسٹورینٹ کی انتظامیہ کی جانب سے اس ملاقات پر کوئی تبصرہ کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی پرانی محبتوں سے علیحدہ ہوچکے ہیں۔کیٹی پیری نے رواں ماہ اپنے دیرینہ ساتھی اور اداکار لینڈو بلوم سے کئی سالوں بعد علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔دوسری جانب جسٹن ٹروڈو اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔