پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کے عروسی جوڑے کی قیمت سامنے آگئی۔
گزشتہ روز گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنے دوست زین احمد سے شادی کی تصدیق کی تھی اور آئمہ نے سوشل میڈیا پر شادی کی خوبصورت تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ تصاویر میں آئمہ بیگ کو خوبصورت آئیوری ( ivory) رنگ کے عروسی جوڑے میں دیکھا گیا جس پر انہوں نے گہرے سبز رنگ کا دوپٹہ اوڑھ رکھا تھا۔گلوکارہ کے عروسی جوڑے پر کیا گیا ہلکا میک اپ اور نازک سی جیولری دلہن کی تیاری کو چار چاند لگارہے تھے۔ دوسری جانب ان کے دلہا زین احمد نے سفید رنگ کی سادہ شیروانی زیب تن کی۔
آئمہ بیگ نے عروسی لباس کیلئے معروف فیشن ڈیزائنر حسین ریہار کے جوڑے کا انتخاب کیا تھا جس کی قیمت ویب سائٹ کے مطابق (280 امریکی ڈالر) یعنی 7 لاکھ 91 ہزار سے زائد پاکستانی روپےہے۔لیکن آپ کو بتاتے چلیں کہ آئمہ بیگ نے معروف ڈیزائنر کے جوڑے کو کسٹمائز کروایا ہوا ہے کیوں کہ ویب سائٹ پر موجود جوڑے پر ماڈل آئیوری رنگ کا دوپٹہ پہنے ہوئے ہے جب کہ آئمہ نے سبز دوپٹے کا انتخاب کیا تھا۔سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیزائنر کا اوریجنل دوپٹہ ہٹائے جانے اور پھر کسٹمائز کیے گئے دوپٹے کے ساتھ آئمہ بیگ کے عروسی جوڑے کی قیمت 6 لاکھ 75ہزار پاکستانی روپے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زین احمد کا تعلق لاہور سے ہے ، انہوں نے 2018 میں اپنے برانڈ کی بنیاد رکھی تھی۔زین احمد ایک مشہور فیشن برانڈ کے مالک ہیں، اس فیشن برانڈ کے تحت خواتین اور مردوں کے ملبوسات ڈیزائن کیے جاتے ہیں جس کے ملبوسات بالی وڈ ہدایتکار و پروڈیوسر کرن جوہر، ریپر فرینچ مونٹانا اور اوسکر انعام یافتہ رض احمد بھی پہن چکے ہیں۔آئمہ بیگ نے 2021 میں اداکار شہباز شگری سے منگنی کی تھی تاہم ایک سال بعد ہی گلوکارہ نے شہباز سے تعلق ختم ہونے کا باضابطہ اعلان کردیا تھا۔