اکتوبر میں پاکستان میں ہونے والی دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کہتے ہیں یہ کانفرنس خطے میں ربط اور ترقی کا ایک تاریخی موقع ہوگی۔
خطے میں ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ سفارتی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کےلیے 23 اور 24 اکتوبر کو اسلام آباد میں ریجنٹل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی۔ 27 ممالک کے وزرائے مواصلات شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کانفرنس کے ایجنڈے، سیشنز اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی ترقی، باہمی تجارت اور ہم آہنگی کی ایک مضبوط بنیاد رکھے گی۔ ہم اس پلیٹ فارم سے پاکستان کا مثبت اور ترقی پسندانہ امیج دنیا کے سامنے لائیں گے۔
کانفرنس میں شرکت کے لیے افغانستان، ایران، چین، ترکیہ، سعودی عرب، روس، یو اے ای کے وزرا اور سفیروں کو دعوت دی گئی ہے۔ قطر، ازبکستان، تاجکستان، مالدیپ، مراکش، انڈونیشیا اور دیگر اہم ممالک کوبھی دعوت نامے جاری کردئیے گئے۔کانفرنس میں ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، ڈبلیو ایچ او اور دیگر عالمی اداروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ پاکستان کے مواصلاتی منصوبوں کو عالمی سپورٹ حاصل ہو سکے۔مواصلاتی، ریلوے، میری ٹائم، ایوی ایشن اور تجارتی شعبوں کے وزرا مشترکہ طور پر عالمی نمائندوں کی میزبانی کریں گے۔ کانفرنس کے دوران ثقافتی تقاریب، نمائشیں اور مشترکہ اعلامیہ بھی متوقع ہے جو خطے کے لیے پائیدار ترقی کی راہیں کھولے گا۔