غزہ میں فلسطینی قتل عام کے دوران عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فٹ بالر سلیمان عبید سمیت 662 فلسطینی کھلاڑی اور اسپورٹس عہدے دار شہید کیے جا چکے۔
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق اکتوبر 2023 سے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج نے کھیلوں کے 288 میدان، اسٹیڈیم، جم اور کلب تباہ کیے۔گزشتہ دنوں پیلے آف فلسطین کے نام سے مشہور فلسطین کےمعروف فٹبالر سلیمان العبید بھی غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق 22 ماہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 662 فلسطینی کھلاڑی اور اسپورٹس عہدے دار شہید ہوئے ہیں ۔
اس کےعلاوہ غزہ میں فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کا ہیڈکوارٹرز بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ اتوار کو غزہ پٹی پراسرائیلی حملوں میں مزید 52 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیل کے جبری قحط کے باعث غذائی قلت سے اموات 100 بچوں سمیت 217 ہوگئی ہیں۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم نے کہاکہ حماس کے ہتھیار ڈالنے سے انکار کے بعد حماس کا خاتمہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، نیا فوجی آپریشن جلد ختم کر لیں گے۔
دوسری جانب حماس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کا بیان حقائق چھپا کر غزہ کے جنگی جرائم کا جواز دینے کی کوشش ہے۔نیتن یاہو غزہ جنگ کو طول دینے کے لیے اپنے یرغمالیوں کا استعمال کر رہا ہے۔