اسلام آباد سے کراچی روانگی کے دوران رن وے پر پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، پائلٹ نے ٹیک آف منسوخ کرکے طیارے کو اچانک رن وے پر موڑ دیا، گھٹن کے باعث مسافر پریشان ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ائیر لائن ذرائع کے مطابق ہفتہ کی رات نجی ائیر لائن کی کراچی کی پرواز پی اے 207 اسلام آباد ائیرپورٹ سے ٹیک آف کے لیے رن وے پر دوڑ رہی تھی کہ اسی دوران طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، پائلٹ نے اچانک روانگی روک کر طیارے کو فور طور پر ٹیکسی وے پر موڑ دیا۔
ائیر لائن انتظامیہ کے مطابق پرندہ ٹکرانے سے ائیر بس اے 320 طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا، جس پر طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا اور اسلام اباد سے کراچی کی پرواز اور کراچی سے اسلام اباد کی پرواز منسوخ کر دی گئیں، دونوں پروازوں کے مسافروں کو گھر بھیج دیا گیا۔
ائیر لائن حکام کے مطابق طیارے کی انسپیکشن اور کلیئرنس میں 8 گھنٹے سے زائد وقت درکار ہے۔سوشل میڈیا پر اس پرواز کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں مسافروں کو گھٹن کے باعث پریشان دکھایا گیا ہے اور عملہ مسافروں کو تحمل کی ہدایت کر رہا ہے۔