کراچی: شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں معطل ہونے اور فضائی نمی 92 فیصد تک بڑھنے کے باعث موسم میں حبس کی شدت برقرار رہے گی۔ اگلے چند روز میں بھی کراچی میں بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کے امکانات موجود ہیں۔
ادارے کے مطابق شہر میں مطلع ابرآلود رہنے کے باوجود درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان نہیں، جبکہ نمی زیادہ ہونے کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو گی۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، ہلکے اور کاٹن کے کپڑے پہنیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی و حبس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
شہری حکومت نے بھی متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ بارش کی صورت میں نکاسی آب کے مسائل سے نمٹا جا سکے۔