خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو روز کے دوران تین الگ الگ کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 19 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی بڑی کارروائی ضلع مہمند میں انٹیلی جنس اطلاع پر کی گئی، جہاں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 14 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 خوارج مارے گئے۔ تیسری کارروائی بنوں میں عمل میں لائی گئی جس میں ایک خارجی کو ہلاک کیا گیا۔
بیان کے مطابق مجموعی طور پر دو روز کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد مختلف علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور بھارتی سرپرستی میں پاکستان کے امن کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی خارجی کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔