یوکوہاما / لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے شہر یوکوہاما میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب، خصوصاً لاہور کو یوکوہاما کی طرز پر جدید، صنعتی اور ترقی یافتہ شہر بنانے کا عزم رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈا کو یوکوہاما جیسے شہری ترقیاتی ماڈل پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کے گنجان آباد اور صنعتی شہروں میں مربوط اور پائیدار ترقی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوکوہاما میں اوورسیز پاکستانیوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر ایسا محسوس ہوا جیسے لاہور میں جلسہ کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یوکوہاما میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد اور ان کا جذبہ قابلِ فخر ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو مفت ادویات اور بچوں کے مفت علاج کی سہولیات دی جا رہی ہیں، جب کہ ’کلینک آن وہیلز‘ پروگرام کے ذریعے صحت کی سہولیات گھر کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بھر میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، نئی سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں، سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، اور ’صاف ستھرا پنجاب‘ پروگرام پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور میں ایشیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے اراضی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ سکیم کے تحت 70 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے آسان قرضے دیے جا رہے ہیں اور پانچ سال میں پانچ لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کیے جائیں گے۔ پلاٹ کے مالک افراد کو 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے الیکٹرک بسیں متعارف کرائی گئی ہیں، جن کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے۔ طلبہ کے لیے ’ہونہار اسکالرشپ‘ اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے، جبکہ موجودہ حکومت نے سفارتی محاذ پر بھی بہتری لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے افغانستان اور ایران کے ساتھ مستحکم تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ پاکستان میں جاپان جیسی ترقی ممکن ہے، اور پنجاب میں بہت جلد اس کے ثمرات نظر آئیں گے۔