اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی صنعتکاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ بات انہوں نے چین کی معروف صنعتی کمپنی شینڈونگ زن زو گروپ کارپوریشن کے چیئرمین ہیو جیانزن کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، اور بحری شعبے میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور قابل اعتماد تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں بے شمار امکانات موجود ہیں۔ جواباً، چیئرمین ہیو جیانزن نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں گرین شپ بریکنگ یارڈ اور میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام میں دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شینڈونگ گروپ ماہی گیری، فش پراسیسنگ، اور کھجوروں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہا ہے تاکہ پاکستان کی مقامی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔