اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جاری فضائی حملوں کے تناظر میں عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے جو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عرب لیگ کے رکن ممالک کی قیادت پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال، اسرائیلی جارحیت اور خطے کے امن و سلامتی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی سطح کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی اسحاق ڈار نے کی۔ پاکستان نے اس موقع پر اسلامی ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ اسرائیلی حملوں کے خلاف مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان برادر ملک قطر کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو بھی دوحہ کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا تھا۔ اس موقع پر پاکستان نے دوست ممالک کے تعاون سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
یہ اجلاس اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مسلم دنیا اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک مشترکہ اور متحدہ مؤقف اختیار کرنے کی جانب گامزن ہے، جس میں پاکستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

