لاہور کے علاقے ڈیفنس میں سی سی ٹی وی ٹیکنیشن نے تلخ کلامی پر گاہک کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ حسن نے کیمروں کی دیکھ بھال کے لیے سی سی ٹی وی ٹیکنیشن ادریس کو گھر بلایا تھا۔ اس دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم ادریس نے انتہائی سنگین قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے حسن کی اہلیہ، 5 سالہ بیٹی اور والدہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر رسیوں سے باندھ دیا، جبکہ حسن کو سر پر ہتھوڑے اور چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے مقتول کی لاش ایک کمرے میں لے جا کر خود کو بھی اندر بند کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 17 ستمبر کی رات مقتول حسن کی سالی گھر آئی تو دروازے بند دیکھ کر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو ملزم لاش کو چادر میں لپیٹ کر پاس بیٹھا ہوا تھا۔ پولیس نے ملزم ادریس کو گرفتار کر کے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی۔

