اسرائیلی فوج کی سفاکیت نہ تھم سکی، صیہونی فورسز نے تازہ حملوں میں غزہ کے الشفا اسپتال کے قریب بمباری کرکے 19 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے ال اہلی اسپتال کے قریب بھی حملہ کیا جہاں مزید 4 فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ شہر میں کی جانے والی شدید بمباری سے مسجد سمیت متعدد رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق صرف ایک روز میں 83 شہری اسرائیلی دہشتگردی کا نشانہ بنے۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ چین اور سعودی عرب نے اسرائیلی فوجی آپریشن میں توسیع کی سخت مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے اسرائیلی حملوں کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دیا ہے۔
ادھر یورپی کمیشن میں اسرائیل پر پابندیوں کی تجاویز پیش کی گئیں تاہم کچھ یورپی ممالک کی مخالفت کے باعث ان تجاویز کی منظوری کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔

