ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ بھارت کے خلاف سپر فور کے چیلنج کے لیے ٹیم تیار ہے، تاہم اب تک ہم اپنا بہترین نہیں دے سکے۔ انہوں نے مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر مڈل اوورز میں اچھی بیٹنگ ہو تو کسی بھی ٹیم کے خلاف اسکور 170 تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
کپتان نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی میچ ونر ہیں جبکہ ابرار احمد بھی ہر میچ میں شاندار بولنگ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے کہا کہ پاکستان کو کم اسکور پر روکنے کا کریڈٹ ان کے بولرز کو جاتا ہے، اگرچہ ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی لیکن کھلاڑیوں نے قیمتی تجربہ حاصل کیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اگلے میچ میں آج افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

