کراچی میں فائرنگ کا واقعہ: نجی ٹی وی کے اینکر امتیاز میر زخمی
کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے اینکر امتیاز میر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق امتیاز میر اپنے بھائی کے ساتھ گاڑی میں جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اچانک ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں امتیاز میر کے سینے اور چہرے پر گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے گولیوں کے دو خول اور ایک گاڑی برآمد کی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل تھے جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی روشنی میں واقعہ ٹارگٹڈ حملہ لگتا ہے تاہم حتمی معلومات زخمی اینکر کے بیان کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جائے وقوعہ کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر کے ملزمان کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔

