اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر دو ریاستی حل کی سربراہی کانفرنس، وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت
اقوام متحدہ میں سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ سربراہی میں آج مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے اہم سربراہی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج سے 26 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک رہیں گے۔ اس دوران وہ جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس سے خطاب کریں گے اور کشمیری عوام اور فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت پر زور دیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم اپنے خطاب میں غزہ کے جاری بحران اور فلسطینی عوام کی مشکلات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلی، اسلامو فوبیا اور دیگر عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران اعلیٰ سطح کی تقریبات اور خصوصی اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ ان کی عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

