حماس کا مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے پر خیرمقدم
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ حماس کے سینئر رہنما محمود مرداوی نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی جانب سے اس فیصلے کو فلسطینی عوام کے حقوق کی ایک بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت ہمارے مقصد کی عدل و انصاف میں کامیابی کی نمائندگی کرتی ہے۔
محمود مرداوی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ایک واضح پیغام ہے کہ قابض فورسز اپنے جرائم میں چاہے کتنی ہی دور تک کیوں نہ چلی جائیں، وہ ہمارے قومی حقوق کو کبھی ختم نہیں کرسکتیں۔
ادھر حماس کے ترجمان نے اس فیصلے کو فلسطینی عوام کے لیے ایک اہم کامیابی اور ان کے حقوق کی عالمی سطح پر توثیق قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہی ہوگا جو فلسطینی عوام کے تاریخی اور سیاسی حق کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے اس فیصلے کو پرتگال کی خارجہ پالیسی کی ایک بنیادی اور مستقل سوچ قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام عالمی امن اور انصاف کے قیام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

