کولمبو: آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کر دی۔
پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے بدھ کو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کی ایلیس پیری، انا بیل سدرلینڈ اور تاہلیہ میک گرا کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کینگروز کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد نشرہ سندھو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔ نشرہ نے ورلڈکپ کے 16 میچوں میں مجموعی طور پر 20 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا، جنہوں نے ورلڈکپ کے 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ندا ڈار کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ وہ ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں نے ون ڈے میں 108،108 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم نشرہ نے یہ سنگ میل صرف 78 میچوں میں مکمل کیا، جبکہ ندا ڈار نے 112 میچوں میں 108 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ ثنا میر کے پاس ہے، جنہوں نے 120 میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف دیا ہے۔

