راولپنڈی: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر میجر سبطین حیدر جام شہادت نوش کرگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ خوارج کی موجودگی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سات بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹ لائن پر قیادت کرتے ہوئے میجر سبطین حیدر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان کے مطابق شہید میجر سبطین حیدر کی عمر 30 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کوئٹہ سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن و امان کے دشمنوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔

