ذرائع کے مطابق اتحادی حکومت میں شامل مستعفی وزراء کی تعداد اب تین ہو گئی ہے، جب کہ دونوں نئے مستعفی وزراء آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے حکومت سے علیحدگی کی وجوہات پر روشنی ڈالیں گے۔
مستعفی ہونے والوں میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان اور وزیر خوراک چودھری اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزراء نے حکومتی پالیسیوں اور اسمبلی میں مہاجرین نشستوں سے متعلق فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ ہفتوں کے دوران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہاجرین ممبران اسمبلی کی نشستوں کے خلاف احتجاج اور دباؤ کے بعد سیاسی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی تناظر میں وفاقی وزراء اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، تاہم اختلافات برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کابینہ میں کل 20 وزراء اور مشیران شامل تھے، جب کہ اسی تعداد کے برابر سیکرٹریز رکھنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ حالیہ استعفوں کے بعد حکومت کو اکثریت برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، اور مزید وزراء کی علیحدگی کے امکانات کو بھی خارج نہیں کیا جا رہا۔